امریکی فوج نے ’ہیمر آف دی گاڈز‘ نامی جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کا پہلی بار بیرونِ ملک کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فوج کے مطابق یہ نظام دشمن کے میزائلوں اور دیگر جدید ہتھیاروں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ان کے نیویگیشن سگنلز متاثر کرکے ان کی درستگی کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکی فوج نے ایک نئے الیکٹرانک وارفیئر سسٹم ’ہیمر آف دی گاڈز‘ کا پہلی مرتبہ بیرونِ ملک کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق یہ نظام دشمن کے جدید ہتھیاروں کے نیویگیشن اور جی پی ایس سگنلز کو خفیہ طور پر متاثر کرکے انہیں اپنے اہداف کو درست نشانہ بنانے سے روک سکتا ہے۔
At Project Convergence Capstone 6, @USArmy, @USNavy and @USSpaceForce tested Hammer of the Gods. Joint experimentation is how we prepare for future fights, integrating space, cyber and conventional forces to operate as one team in contested areas.
👉 https://t.co/looBmNiZXe pic.twitter.com/Rnauf6GuzC— U.S. Space Command (@US_SpaceCom) July 28, 2026
فوج کے مطابق جولائی کے وسط میں پروجیکٹ کنورجنس کیپ اسٹون 6 (PC-C6) مشقوں کے دوران سمندر میں اس نظام کے بحری ورژن کا تجربہ کیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ 2 برسوں کے دوران اس کے زمینی ورژن کے متعدد تجربات کیے جا چکے تھے، تاہم بحری ماحول میں یہ اس کا پہلا باضابطہ عملی تجربہ تھا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ قابلِ نقل و حمل نظام دشمن کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے توپ خانے، گائیڈڈ میزائلوں اور کروز میزائلوں سمیت مختلف درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں کے پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ (PNT) سگنلز، خصوصاً جی پی ایس، کو جام کر دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ان ہتھیاروں کی نشانہ لگانے کی صلاحیت نمایاں طور پر متاثر ہوتی ہے اور ان کے اہداف سے چوکنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق یہ نظام صرف دشمن کے سگنلز کو متاثر نہیں کرتا بلکہ اپنی فورسز کے لیے ایک محفوظ اور مضبوط مواصلاتی نیٹ ورک بھی قائم رکھتا ہے، جس سے شدید الیکٹرانک جنگی ماحول میں بھی فوجی دستے باہمی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا امریکی فوج پر اچانک میزائل حملہ ناکام، تمام بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی فوج نے بتایا کہ اس تجربے میں بری فوج، بحریہ، اسپیس فورس، یو ایس اسپیس فورسز پیسیفک، نیول بیس سان ڈیاگو اور آرمی اسپیس اینڈ میزائل ڈیفنس کمانڈ سمیت متعدد عسکری اداروں نے حصہ لیا، جہاں خلا، سائبر اور روایتی جنگی صلاحیتوں کو ایک مربوط نظام کے تحت آزمایا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق تجربے سے ثابت ہوا کہ ’ہیمر آف دی گاڈز‘ نظام حقیقی بحری ماحول میں کامیابی سے نصب، فعال اور واپس حاصل کیا جا سکتا ہے، جس سے مستقبل کی جدید جنگوں میں امریکی فوج کی الیکٹرانک دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔














