ایران چند ہفتوں میں چین سے سینکڑوں جدید فضائی دفاعی میزائل حاصل کرے گا،رائٹرز کا دعویٰ، بیجنگ کی تردید

جمعرات 30 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آئندہ چند ہفتوں میں چین سے کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے سینکڑوں جدید فضائی دفاعی میزائل حاصل کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ 6 سے 7 کروڑ ڈالر مالیت کا ہے، تاہم چین نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے جبکہ پاکستان نے بھی اسلحے کی ترسیل میں اپنے کردار کی سختی سے تردید کی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آئندہ چند ہفتوں میں چین سے کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے جدید فضائی دفاعی میزائلوں (MANPADS) کی پہلی کھیپ وصول کرے گا۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت ایران کو 300 سے 400 تک چینی ساختہ QW-12 اور FN-16 میزائل فراہم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت 6 سے 7 کروڑ ڈالر کے درمیان ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں قائم کمپنی ’ژونگ چِنگ باؤ شَانگ انٹرنیشنل اِنویسٹمنٹ‘ کے ذریعے طے پایا، جس نے مبینہ طور پر ایرانی خریدار اور چینی سپلائر کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایران کی جانب سے مختصر فاصلے کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کی حالیہ برسوں کی بڑی کوششوں میں سے ایک ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی نے ایران کے دفاعی نظام کی کمزوریاں نمایاں کی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ابتدائی منصوبے کے تحت یہ میزائل مغربی چین کے شہر ارومچی سے روانہ کیے جائیں گے اور ایران تک پہنچانے کے لیے زمینی یا فضائی راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کے راستے ترسیل کا بھی دعویٰ کیا گیا، تاہم پاکستان کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس دعوے کو من گھڑت اور مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کے ایران پر نئے فضائی حملے، جنگ کا دائرہ مصر تک پھیل گیا

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے بھی رائٹرز کی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں استحکام کے فروغ کی حمایت کرتا آیا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق QW-12 اور FN-16 ایسے جدید میزائل ہیں جو کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ انہیں چھوٹے فوجی دستے آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکتے ہیں، جس سے یہ روایتی فضائی دفاعی نظام کے مقابلے میں زیادہ لچکدار ثابت ہوتے ہیں۔

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ اگرچہ معاہدہ طے پا چکا ہے، تاہم ترسیل کی تاریخ، مقدار اور دیگر انتظامی معاملات میں اب بھی تبدیلی کا امکان موجود ہے۔ ایران نے اس خبر پر فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل نہیں دیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس معاہدے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

صرف وزن کم کرنا ٹائپ 2 ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے کافی نہیں، ماہرین کا انتباہ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا، صدر مملکت کا خراجِ تحسین

لاہور: ہربنس پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

ارجنٹائن میں فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 7 افراد ہلاک

چین کا ’اسکائی آئی‘ سائنسی منصوبہ، دور افتادہ گاؤں سیاحت اور ترقی کا نیا مرکز بن گیا

ویڈیو

محدود وسائل میں عائشہ بلوچ نے بھارت کو کیسے چت کیا؟ باکسر کی متاثر کن کہانی

ایکشن کمیٹی نے الیکشن فارم سے ریاست پاکستان سے وفاداری کی شق نکالنے کا مطالبہ کیا، وزیر امور کشمیر امیر مقام

جسٹن گریوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، ’سہولت کار‘ پاکستان ٹیم

کالم / تجزیہ

’جیسا پہلے کبھی نہ دیکھا گیا‘

ایک اور میچ، ایک اور شکست، اب تو عادت سی ہے ہم کو!

اے ٹی ایم مشین