بھارت کے مڈل آرڈر بیٹر اجنکیا رہانے نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ 21-2020 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارتی ٹیم کی تاریخی کامیابی کے دوران قیادت کرنا تھا۔
38 سالہ رہانے نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی بیٹنگ میں وقت کی اہمیت کو سمجھتے رہے ہیں اور اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت ہونے کا یہی درست وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی کرکٹر سری سانتھ کے کپتان دھونی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے
اجنکیا رہانے نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں، تاہم کھیل سے ان کا تعلق ختم نہیں ہوگا اور وہ نئی نسل کی مدد کرنے کے خواہاں ہیں۔
رہانے نے بھارت کی جانب سے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار 77 رنز بنائے، جس میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔
وہ بیرون ملک مشکل کنڈیشنز میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے بھارت کے قابل اعتماد بیٹرز میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے نصف سے زیادہ ٹیسٹ میچز بیرون ملک کھیلے گئے، جہاں انہوں نے تیز گیند بازی اور مشکل پچز پر کئی اہم اننگز کھیلیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشون کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
رہانے کے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز آسٹریلیا کے خلاف 2020-21 کی چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنا تھا۔
اس سیریز میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ایڈیلیڈ میں بھارت صرف 36 رنز پر آؤٹ ہو گیا تھا، جس کے بعد مستقل کپتان ویرات کوہلی ذاتی مصروفیات کے باعث واپس بھارت چلے گئے اور راہانے نے ٹیم کی قیادت سنبھالی۔
ان کی قیادت میں بھارت نے میلبورن ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کی۔ سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد بھارت نے برسبین کے گابا میدان میں 328 رنز کا ہدف حاصل کرکے تین وکٹوں سے فتح حاصل کی اور آسٹریلیا میں دوسری مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر 5 سال بعد واپسی
رہانے نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں بھارتی کرکٹ نے بہت ترقی کی اور انہیں فخر ہے کہ وہ اس سفر کا حصہ رہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اجنکیا راہانے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے قابل اعتماد بیٹرز میں شمار ہونے والے کھلاڑی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہو گیا ہے۔














