آئی ایم ایف کی کڑی شرط، پیٹرول، ڈیزل سستا ہوگا یا نہیں؟ وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز نے حقیقت بتا دی

جمعہ 31 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ متبادل ریونیو پلان کے بغیر پیٹرولیم لیوی میں کمی کی  عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے منظوری ملنے کا امکان نہیں ہے۔ اگر حکومت لیوی میں کمی سے ہونے والے ریونیو خسارے کا قابلِ عمل متبادل پیش کرے تو ‘شاید  آئی ایم ایف رضامند ہو جائے’۔

متبادل آمدن کے بغیر لیوی میں کمی مشکل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں کمی کا فیصلہ صرف اسی صورت ممکن ہوگا جب حکومت اس سے ہونے والے ریونیو نقصان کو پورا کرنے کے لیے متبادل آمدن کا ذریعہ فراہم کرے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا 2 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ موجودہ لیوی ماضی کے جنگی حالات میں عائد کیے گئے لیوی ریٹ سے بھی کم ہے، تاہم متبادل ریونیو پلان کی صورت میں ‘شاید آئی ایم ایف اس پر آمادہ ہو جائے’۔

روزانہ قیمتوں کے تعین کا حکومتی دفاع

اجلاس کے دوران ارکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام پر سوالات اٹھائے اور اسے عوام پر اضافی بوجھ قرار دیا۔

اس پر وزیرِ پیٹرولیم نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے قیمتوں کے تعین سے سیاسی مداخلت ختم کر دی ہے اور یہ اختیار مکمل شفاف طریقہ کار کے تحت اوگرا کو دے دیا گیا ہے تاکہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے اثرات بہتر انداز میں سنبھالے جا سکیں۔

قیمتیں خام تیل نہیں، سنگاپور مارکیٹ سے منسلک ہیں

اوگرا کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں خام تیل کے بجائے سنگاپور مارکیٹ کے بینچ مارک سے منسلک ہیں۔

ان کے مطابق روزانہ قیمتوں کا نظام عالمی منڈی میں اچانک تبدیلیوں کے اثرات کو مرحلہ وار منتقل کرنے میں مدد دیتا ہے اور صارفین کو بڑے جھٹکوں سے بچاتا ہے۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 3 روپے 66 پیسے، ڈیزل 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مہنگا

‘ڈیلی پرائسنگ’ عوام کے لیے ‘سلو پوائزن’ قرار

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کے نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے ‘سلو پوائزن’ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام صارف پیچیدہ قیمتوں کے تعین کے فارمولے کو نہ سمجھ سکتا ہے اور نہ ہی روزانہ تبدیلیوں کا بوجھ برداشت کر سکتا ہے۔

تیل کے کنوؤں کے آڈٹ پر سخت برہمی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی، جس کی صدارت سینیٹر عمر فاروق نے کی، نے آئل رگز کی کارکردگی کے آڈٹ نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کارکردگی آڈٹ رپورٹ 7 روز کے اندر جمع کرائی جائے۔

اوگرا کے مستقل چیئرمین کی تقرری میں تاخیر

کمیٹی نے اوگرا کے مستقل چیئرمین کی تقرری میں تاخیر پر بھی سوالات اٹھائے۔ اس پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ پہلے مناسب امیدوار نہ ملنے کے باعث تقرری کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا، پیٹرول معمولی سستا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ پاکستان نے ’آئی ایم ایف ‘ پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط، محصولات میں اضافے اور بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں پیٹرولیم لیوی بھی ایک اہم ذریعہ آمدن ہے۔

اسی وجہ سے لیوی میں کسی بھی ممکنہ کمی کو ’آئی ایم ایف ‘ کی منظوری اور اس کے متبادل ریونیو انتظامات سے مشروط سمجھا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب مہنگائی سے متاثرہ عوام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے منتظر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp