وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور مریم نواز کی گورننس پر اعتماد کا ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب پر تنقید کرنے کے بجائے سندھ میں اپنی 17 سالہ کارکردگی کا حساب دے اور بتائے کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے لیے کون سے بڑے منصوبے مکمل کیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام نے مریم نواز شریف کی کارکردگی، محمد نواز شریف کے وژن اور مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پیپلز پارٹی کامیاب ہو جائے وہاں نتائج درست قرار دیے جاتے ہیں، لیکن جہاں شکست ہو وہاں دھاندلی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے موٹرویز، دانش اسکولوں، آئی ٹی یونیورسٹی، بجلی کے بحران کے خاتمے اور ترقیاتی منصوبوں کو ووٹ دیا ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام نے کارکردگی اور خدمت کی سیاست کا انتخاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں اسکول میل پروگرام کے تحت 90 ہزار بچے اسکول آئے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران 600 ارب روپے سے زائد کا مقامی قرضہ ادا کیا، جس سے سالانہ 60 سے 70 ارب روپے کے سود کی بچت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ جامعات کا بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھا کر 21 ارب روپے کیا گیا، جبکہ اسکولوں میں طلبہ کا اندراج ایک کروڑ 25 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گیا ہے اور پنجاب کی شرح خواندگی 69 فیصد ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے عوام بھی پنجاب کی ترقی کی مثالیں دیتے ہیں اور سکھر موٹروے پر سفر کرنے والے شہری ویڈیوز کے ذریعے پنجاب طرز کی حکمرانی کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ سندھ حکومت نے اپنے مقامی قرضے کتنے کم کیے، اسکول ایجوکیشن کا بجٹ کتنا بڑھایا، بارش کے پانی کے ذخیرے، نکاسی آب، آبپاشی، گرین منصوبوں اور شہری ترقی کے لیے کیا عملی اقدامات کیے؟

وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ کراچی کبھی خطے کا معاشی مرکز تھا، لیکن آج بنیادی شہری سہولتوں کے مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کرپشن، جمہوریت اور اخلاقیات پر لیکچر دینے کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شدید بارشوں کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز خود صورتحال کی نگرانی کرتی ہیں اور وزرا کو کئی کئی روز تک متاثرہ علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دیتی ہیں، جبکہ سندھ کے عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور ملک کو امن کے سفیر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور کردار کو سراہا جا رہا ہے، جو موجودہ وفاقی حکومت اور قومی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر صوبائی وزیر رانا سکندر سمیت پنجاب اسمبلی کے 50 ارکان کی رکنیت معطل
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ہمیشہ کارکردگی اور عوامی خدمت پر مبنی رہی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی اپنی ایک گھنٹے کی پریس کانفرنس میں الیکٹرو بس، دانش اسکول، کینسر اسپتال، کارڈیالوجی اسپتال، انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی، موٹرویز یا شرح خواندگی میں اضافے جیسے کسی منصوبے کا ذکر کر دیتی تو عوام ضرور سنتے، لیکن ان کے پاس پیش کرنے کے لیے کوئی نمایاں کارکردگی موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہزاروں طلبہ پنجاب کے دانش اسکولوں اور جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور پنجاب بڑے بھائی کے طور پر اپنی ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں سندھ بھی ترقی کرے اور وہاں بھی جدید تعلیمی ادارے، اسپتال، انفراسٹرکچر، آئی ٹی یونیورسٹیاں اور عوامی فلاح کے منصوبے قائم ہوں۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے تعلیم، ترقی، انفراسٹرکچر اور بہتر طرز حکمرانی کے حق میں فیصلہ دیا ہے، جس پر وہ کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کے شکر گزار ہیں۔














