دوسرے مرحلے کے انتخابات: ووٹ کا کوئی متبادل نہیں، عوام حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

ہفتہ 1 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر عوام کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کا کوئی متبادل نہیں، اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے مرضی کی قیادت کا انتخاب کریں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ کل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں جبکہ مہاجرینِ مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ مہاجرین کی 12 نشستوں کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ نیلم اور جہلم ویلی کے تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مظفرآباد کے 5 انتخابی حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ عملے کو سخت سیکیورٹی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

عوام سے ووٹ کے استعمال کی اپیل

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے تمام ووٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہاکہ ووٹ کا کوئی متبادل نہیں اور ہر شہری کو اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہیے۔ ووٹ ایک امانت ہے، اسے دیانتدار اور اہل امیدوار کے سپرد کیا جائے۔

تمام انتظامات مکمل

چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp