وزیر دفاع خواجہ آصف اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے درمیان ملاقات میں علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل رابطوں اور تعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
علاقائی امن اور تعاون پر تفصیلی گفتگو
وزارت دفاع کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر کی ملاقات۔
باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال۔
علاقائی اور بین الاقوامی سیکیورٹی کی صورتحال کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر خصوصی توجہ مرکوز۔
وزیرِ دفاع نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ… pic.twitter.com/swoxiYdQWs— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 5, 2026
خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، تعمیری مکالمہ اور باقاعدہ سفارتی مشاورت انتہائی اہم ہے۔
پاک۔امریکا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر مستقل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفاعی اور سفارتی روابط میں تسلسل
اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکی ریاست مونٹانا سے رکن ایوانِ نمائندگان ریان کیتھ اور ریاست واشنگٹن سے رکن ایوانِ نمائندگان مائیکل جیمز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
امریکی وفد نے خطے میں امن و استحکام اور معاشی مضبوطی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے عسکری قیادت کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جن میں دفاع، انسداد دہشتگردی، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی استحکام جیسے شعبوں میں تعاون شامل رہا ہے۔
مزید پڑھیں:گورنر خیبرپختونخوا سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اگرچہ مختلف ادوار میں دوطرفہ تعلقات میں اتار چڑھاؤ بھی آیا، تاہم دونوں ممالک نے سفارتی، عسکری اور اقتصادی سطح پر رابطے برقرار رکھے۔
حالیہ مہینوں میں امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے بعد پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کی راہ ہموار کی۔
بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کی تھی۔














