وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ محسن نقوی کا بیان بے معنی ہے اور اس کا کوئی واضح سیاق و سباق نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جس تقریب میں محسن نقوی نے گفتگو کی، وہاں بزنس مین موجود تھے، وہ ان کی عزت کرتے ہیں، تاہم اگر پارٹی اس معاملے پر فیصلہ نہ کرتی تو پھر اس بیان کو دوسرے انداز سے دیکھا جاتا۔
مزید پڑھیں: نئے صوبے گورننس بہتر بنانے کے لیے ضروری، لسانی نہیں انتظامی بنیاد پر بننے چاہییں: بیرسٹر عقیل
‘سسٹم تباہ نہیں ہوا، آئین کی وجہ سے فیڈریشن قائم ہے’
رانا ثنااللہ نے کہاکہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ سسٹم تباہ ہو چکا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ وہ کس سسٹم کی بات کر رہے ہیں، کیونکہ سسٹم بالکل تباہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام موجود ہے اور آئین کی وجہ سے ہی فیڈریشن قائم ہے۔ عدلیہ اور ایگزیکٹو کو آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
‘انتظامی یونٹس بھی آئین کے تحت ہی بنیں گے’
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ محسن نقوی کی انتظامی یونٹس سے متعلق بات شاید نئے صوبوں کے قیام کی طرف اشارہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے انتظامی یونٹس، نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام کی ضرورت سے کسی کو انکار نہیں، تاہم جو بھی ہوگا آئین کے دائرے میں رہ کر ہوگا۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ انتظامی یونٹس بھی اسی آئینی نظام کے تحت بنیں گے، اس سے باہر نکل کر ایسا نہیں ہو سکتا۔
‘ہم ہائبرڈ ماڈل میں نہیں ہیں’
انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان ہائبرڈ ماڈل کے تحت نہیں چل رہا۔ ان کے مطابق سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون کے نتیجے میں آج دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھ رہی ہے اور اسی اشتراک کی بدولت پاکستان نے معرکۂ حق بھی جیتا۔
انہوں نے مزید کہاکہ آج پاکستان کا نام دنیا میں امن قائم کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
’26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کی ضرورت تھی’
رانا ثنااللہ نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم وقت کی ضرورت تھیں اور انہیں اسی تناظر میں لایا گیا۔
’50 کروڑ روپے فنڈ دینے والے بزنس مین کا پوچھیں گے’
انہوں نے کہاکہ محسن نقوی سے پوچھیں گے کہ وہ کون سا بزنس مین ہے جو کس کو 50 کروڑ روپے فنڈ دیتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا اور اب ملک ریاض پاکستان آنے کے بھی قابل نہیں رہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ماضی میں بھی دہشتگردی پر قابو پایا تھا اور اب بھی اس چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: نئے صوبے ملک کے مفاد میں ہیں، مخالفت کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا، عبدالعلیم خان
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر قوم کے ہیرو ہیں اور انہوں نے معرکۂ حق کے ذریعے قوم کو عزت دلائی۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہاکہ جس تقریب میں محسن نقوی نے خطاب کیا، اس میں وارداتیے بیٹھے ہوئے تھے۔














