پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کی تاریخ تبدیل کردی، اب امتحان 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر کو منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پہلے 16 اگست کو ہونے والا ایم ڈی کیٹ اب 20 ستمبر کو لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے کل ہونیوالے امتحانات ملتوی کردیے
اعلامیے میں کہا گیا کہ امتحان کے شفاف، محفوظ اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تاریخ تبدیل کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان سے متعلق دیگر تمام شرائط، ضوابط اور انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم اگر ضرورت ہوئی تو مزید آگاہ کیا جائے گا۔
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مزید معلومات اور ہدایات کے لیے پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور ابلاغی ذرائع کو باقاعدگی سے دیکھتے رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیٹ ویو کا الرٹ: سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی
واضح رہے کہ پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہے۔ ہر سال تقریباً 2 لاکھ امیدوار یہ امتحان دیتے ہیں، جن میں سے لگ بھگ 25 ہزار امیدوار سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں طویل انٹرنیٹ بندش کے باعث طلبا کو ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا تھا، جس پر آزاد کشمیر کے محکمہ صحت کے سیکریٹری نے پی ایم ڈی سی حکام سے ملاقات کی تھی۔ پی ایم ڈی سی حکام نے امیدواروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی جاری کر دی
اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے ذیلی اجلاس میں بھی ایم ڈی کیٹ کے انعقاد اور تاریخ سے متعلق طلبا کی شکایات پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
اجلاس میں پی ایم ڈی سی حکام نے بتایا تھا کہ تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے، جبکہ سینیٹر انوشہ رحمان نے بتایا کہ کمیٹی کو طلبا کی جانب سے تقریباً ایک ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔














