راولپنڈی: لاپتا 6 سالہ بچی کی تلاش دوسرے روز بھی جاری، نالہ لئی میں سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں لنڈا بازار اور کمیٹی چوک کے قریب لاپتا ہونے والی 6 سالہ بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 نے دوسرے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:جڑواں شہروں میں بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، اطراف کی آبادی کو انخلا کی ہدایت

ریسکیو 1122 کے مطابق آج کا سرچ آپریشن گوالمنڈی اور موتی محل سے آگے نالہ لئی کے مختلف حصوں میں کیا جا رہا ہے، جہاں واٹر ریسکیو ٹیمیں لائن سرچ، کناروں کی تلاشی اور تفصیلی سرچ آپریشن کے ذریعے بچی کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی اپنے والد عمیر علی کے ساتھ لنڈا بازار میں ایک دعوت میں آئی تھی۔ رات قریباً اڑھائی بجے جب والد دیگر بچوں کو گاڑی میں بٹھا رہے تھے تو 6 سالہ بچی اچانک لاپتا ہو گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچی قریبی نالے میں گر گئی ہو، تاہم اس کی تاحال کوئی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نالہ لئی سمیت اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو کے مطابق گزشتہ روز ممکنہ مقام سے موتی محل پل تک قریباً 4 کلومیٹر علاقے میں لائن سرچ مکمل کی گئی، جبکہ اندھیرا ہونے کے باعث آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:جڑواں شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی، ندی نالوں میں طغیانی، ایمرجنسی نافذ

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آج سرچ آپریشن مزید وسعت کے ساتھ جاری ہے اور بچی کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بچی کی گمشدگی سے متعلق تمام ممکنہ پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp