چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے ایک نیا فیچر جلد متعارف ہونے کا امکان ہے، جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اسٹیکرز کو براہ راست واٹس ایپ پر بھیجا جاسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ کے تازہ ترین ورژن کے کوڈ کا جائزہ لینے کے دوران ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایک نئے ’اسٹیکرز‘ فیچر پر کام جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اوپن اے آئی جلد اے آئی ڈیوائسز متعارف کرائے گا، چیٹ جی پی ٹی کے لیے نئے آلات کی تیاری
فی الحال چیٹ جی پی ٹی سے اسٹیکرز بنانے کے بعد انہیں واٹس ایپ پر استعمال کرنے کے لیے تصویر محفوظ کرنا، اسے الگ سے تراشنا اور پھر واٹس ایپ میں شامل کرنا پڑتا ہے، تاہم نئے فیچر کے بعد یہ عمل آسان ہوجائے گا۔
ایپ کے کوڈ میں ’چیٹ جی پی ٹی اسٹیکرز‘، ’چیٹ ایپس میں شامل کریں‘، ’واٹس ایپ میں شامل کریں‘ اور ’اسٹیکرز ڈاؤن لوڈ کریں‘ جیسے الفاظ سامنے آئے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صارفین اے آئی سے تیار کردہ اسٹیکرز کو براہ راست پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز میں منتقل کرسکیں گے۔
نیا فیچر کیسے کام کرے گا؟
رپورٹس کے مطابق صارفین کو ’واٹس ایپ میں شامل کریں‘ کا آپشن دیا جائے گا، جس کے ذریعے تیار کردہ اسٹیکرز کو براہ راست واٹس ایپ کے کسٹم اسٹیکر پیک میں شامل کیا جاسکے گا۔
کوڈ میں کم از کم تین اسٹیکرز کا ذکر بھی موجود ہے، جو واٹس ایپ کی اس پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت کسی بھی اسٹیکر پیک میں کم از کم تین اسٹیکرز ہونا ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا نیا فیچر: اواتار اسٹیکرز کی پرائیویسی اب آپ کے ہاتھ میں
ماہرین کے مطابق کوڈ میں واٹس ایپ کے اسٹیکر پیک رجسٹر کرنے سے متعلق حوالہ جات بھی ملے ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ نیا فیچر تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز کے ذریعے اسٹیکرز شامل کرنے کے موجودہ طریقہ کار سے ملتا جلتا ہوسکتا ہے۔
فی الحال یہ سہولت صرف واٹس ایپ تک محدود نظر آتی ہے، تاہم ’چیٹ ایپس میں شامل کریں‘ کے الفاظ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں اسے دیگر پیغام رسانی پلیٹ فارمز کے لیے بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔













