پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے 102ویں اجلاس میں ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس کی منظوری دے دی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ بورڈ کا نجکاری کے بعد پہلا اجلاس تھا، جس میں ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے بونس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ سامنے آگیا
ترجمان نے بتایا کہ بونس کا مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کی خدمات کا اعتراف کرنا اور انہیں ایئرلائن کی بحالی، پروازوں میں توسیع اور سروس کے معیار میں بہتری کے لیے مزید متحرک کرنا ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملازمین پی آئی اے کی بحالی کے عمل میں سب سے اہم ستون ہیں۔ پہلے ہی اجلاس میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور اعتماد کی بحالی کے لیے یہ اقدام نئی انتظامیہ کے عزم کا اظہار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خسارے کی شکار پی آئی اے کے ملازمین کے لیے اچھی خبر
ترجمان کے مطابق نئی انتظامیہ پی آئی اے کو ایک فعال، جدید اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ملازمین کے لیے بونس کا فیصلہ ادارے میں مثبت ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ایئرلائن کے آپریشنز میں بہتری، صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ادارے کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔














