وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حج 2027 کے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے چند منٹ میں درخواست اور ادائیگی کا عمل مکمل کرسکیں گے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ قریباً 4 لاکھ پری رجسٹرڈ عازمین حج درخواستوں کے حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ڈیجیٹل نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔
مزید پڑھیں:حج 2027 سے 2030 تک پہلی 4 سالہ حج پالیسی کا اعلان، اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے تجویز
وفاقی وزیر کے مطابق حج واجبات کی ادائیگی کے لیے 3 ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے ادائیگی کرسکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم 2027 کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 روزہ لانگ حج اسکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت اور حبیب بینک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کو عازمین حج کی خدمت کا موقع ملنے پر خوشی ہے۔ حبیب بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا اور اسلامی بینکاری کے تحت عازمین سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شریعہ کمپلائنٹ بینکاری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج کے عمل کی ڈیجیٹلائزیشن عازمین کو آسان، شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔














