آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل کب شروع ہوگا؟ طارق فضل چوہدری کا اہم اعلان

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کرچکی ہے، جبکہ مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پارٹی کی مجموعی نشستوں کی تعداد 30 تک پہنچ جائے گی۔

اپنے ایک بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کے تمام 3 مراحل مکمل ہوگئے ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: تیسرے مرحلے کے انتخابات میں بڑے اپ سیٹ، 2 سابق وزرائے اعظم کو شکست

انہوں نے کہاکہ انتخابی فارمولے کے تحت مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی 3 مخصوص نشستوں سمیت مزید 3 مخصوص نشستیں حاصل ہوں گی۔ ان نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علما و مشائخ کی نشستیں شامل ہیں، جس کے بعد پارٹی کی مجموعی تعداد 30 نشستوں تک پہنچ جائے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا جائےگا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور مخصوص نشستوں کے لیے انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہاکہ اسی ہفتے اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ ان کے بقول آزاد جموں و کشمیر میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت تشکیل پانے جارہی ہے، جبکہ موجودہ حالات میں ایسی حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔

طارق فضل چوہدری نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مجموعی طور پر صاف، شفاف اور قابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی بدنظمی یا دھاندلی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ایل اے 6 میرپور میں پولنگ اسٹیشن سے بیلٹ باکس لے جانے والے شخص کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا، جو انتخابی عمل میں کسی بھی بے ضابطگی کے خلاف فوری کارروائی کی مثال ہے۔

وفاقی وزیر نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور الیکشن کمیشن کو مبارکباد بھی پیش کی۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی نشستیں ختم کروانے کے لیے ایکشن کمیٹی کو استعمال کیا، چوہدری طارق فاروق

طارق فضل چوہدری نے کہاکہ حویلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن عزیز کی جانب سے دھاندلی سے متعلق شکایت سامنے آئی ہے، جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہییں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن حویلی کے حلقے سے متعلق تمام شکایات کا جائزہ میرٹ پر لے گا اور انتخابی عمل سے متعلق اٹھائے گئے تحفظات کا مناسب ازالہ کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp