وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک کی موسمیاتی صورتحال، بالخصوص مون سون بارشوں کے پیش نظر سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔













