اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم، ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے، محسن نقوی

ہفتہ 15 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

14 سال بعد اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔ وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات کو پورا کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے

محسن نقوی نے کہاکہ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔ اسلام آباد پولیس کو عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کرسکے گی۔

’تھانوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری‘

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، تھانوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ہماری ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔

14 سال پرانی گاڑیاں پولیس کے پاس موجود تھیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہاکہ وزیر داخلہ نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے 27 تھانوں کے حوالے کردی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔

طلال چوہدری نے کہاکہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور یہیں سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج جاتا ہے۔ افسران کو بھی لاجسٹکس فراہم کیے جا رہے ہیں اور ان کے لیے گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے، اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے گا۔

’9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جا رہے ہیں‘

وزیر مملکت طلال چوہدری نے بتایا کہ نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جا رہے ہیں، جس میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی، افغان شہروں سمیت سینکڑوں منشیات فروش گرفتار

انہوں نے کہاکہ ان تمام اقدامات سے ہم اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ماڈل بنائیں گے۔ یہ ساری تبدیلی صرف گزشتہ 2 سال میں آئی ہے۔

تقریب میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp