ہالی ووڈ کی معروف امریکی اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
ہیڈن پنیٹیئر کے والد اسکیپ پنیٹیئر نے ایک بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈن ایک غیر معمولی شخصیت تھیں جو اپنے چاہنے والوں اور انہیں اسکرین پر دیکھنے والے لاکھوں افراد کے لیے بے پناہ محبت اور خوشی کا باعث بنیں۔ انہوں نے خاندان کی جانب سے نجی زندگی کا احترام کرنے کی بھی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
ہیڈن پنیٹیئر نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ٹیلی ویژن و فلم میں کئی نمایاں کردار ادا کیے۔ انہیں عالمی شہرت این بی سی کی مقبول سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ کے کردار سے ملی جبکہ میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار نے بھی انہیں خاصی پذیرائی دلائی۔ اس کردار پر انہیں دو مرتبہ گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔
اداکارہ نے ’ریممبر دی ٹائٹنز‘، ’ریزنگ ہیلن‘، ’آئس پرنسس‘ اور ’اسکریم‘ فرنچائز سمیت متعدد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
ہیڈن پنیٹیئر اپنی نجی زندگی اور ذہنی صحت سے متعلق مشکلات کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتی رہی تھیں۔ رواں برس مئی میں شائع ہونے والی ان کی یادداشت ‘This Is Me: A Reckoning’ میں انہوں نے زچگی کے بعد ڈپریشن، نشے کی لت، صحت یابی، صدمات اور گھریلو تشدد سمیت اپنی زندگی کے مشکل تجربات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ہیڈن ایک بیٹی کی والدہ تھیں جسے انہوں نے اپنے سابق منگیتر اور سابق ہیوی ویٹ باکسر ولادیمیر کلِچکو کے ساتھ 2014 میں جنم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکارہ محض 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
اداکارہ کے چھوٹے بھائی اور اداکار جانسن پنیٹیئر بھی فروری 2023 میں 28 برس کی عمر میں دل سے متعلق طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ہیڈن نے بھائی کی موت کے بعد اپنے غم اور اس سانحے کے اثرات کے بارے میں متعدد مواقع پر کھل کر بات کی تھی۔
ہیڈن پنیٹیئر کی اچانک موت کی خبر نے ہالی ووڈ اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو سوگوار کر دیا ہے جبکہ ان کے انتقال سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔














