علامہ اقبال سے متعلق وائرل بیان پر مولانا نسیم شاہ نے وضاحت دے دی

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال سے متعلق اپنے وائرل بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا اور انہوں نے علامہ اقبال کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔

وی نیوز سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں مولانا نسیم شاہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کا بیان اتنا وائرل کیوں ہوگیا، انہوں نے اس مفہوم میں بات نہیں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ علامہ اقبال ہماری نظریاتی اور فکری تربیت کا حصہ ہیں، پورے پاکستان کے نوجوان اور پاکستانی قوم ان سے محبت کرتی ہے۔

مولانا نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں، ایسے حالات کا خواب علامہ اقبال نے نہیں دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہم سب کو تسلیم کرنا ہوگی کہ معیشت کا پہیہ نہیں چل رہا اور چھوٹے صوبے بھی پریشان ہیں۔

مولانا نسیم شاہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علامہ اقبال کے بارے میں پشتو زبان میں بات کی تھی اور پشتو میں بعض باتوں کے معنی مختلف ہوتے ہیں، تاہم ان کے مخالفین نے ان کے بیان کو اردو میں ایک مختلف رنگ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے علامہ اقبال کے اشعار سے سیکھا ہے اور ہماری حب الوطنی، اپنی مٹی اور اپنے وطن سے محبت کا جذبہ بھی علامہ اقبال کے اشعار سے ہماری ذہنی تربیت کا حصہ بنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp