فیراری کی الیکٹرک کار پر ناک بھوں چڑھانے والے دنگ رہ گئے، نیلامی کا نیا ریکارڈ قائم

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی لوسے کا خصوصی طور پر تیار کردہ ماڈل ایک خیراتی نیلامی میں حیران کن طور پر 4 کروڑ ڈالر میں فروخت ہوگیا جس نے الیکٹرک گاڑی کے حوالے سے مارکیٹ میں موجود شکوک و شبہات کے باوجود نئی کار کی نیلامی کا ریکارڈ قائم کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: 28 سال قبل چوری ہونے والی ’فیراری‘پولیس نے بالآخر ڈھونڈ نکالی

سی این بی سی کے مطابق کیلیفورنیا میں مونٹیری کار ویک کے دوران ہونے والی سوتھبیز کی نیلامی میں فیراری لوسے کے ’ٹیلر میڈ‘ ماڈل کو پیش کیا گیا۔ یہ گاڑی فیراری کے لوسے پروگرام کی پہلی پروڈکشن چیسس تھی جسے خصوصی نیم چمک دار فنش اور دیگر منفرد پرزوں کے ساتھ تیار کیا گیا تھا۔

نیلامی میں کامیاب بولی دینے والے خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم سوتھبیز کے مطابق گاڑی کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم فیراری فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگراموں کے لیے عطیہ کی جائے گی۔

فیراری کا ’ٹیلر میڈ‘ پروگرام صارفین کو اپنی گاڑی کو اپنی پسند اور ذاتی تقاضوں کے مطابق انتہائی خصوصی انداز میں تیار کروانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

فیراری کا الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں قدم

یہ ریکارڈ ساز نیلامی فیراری کی جانب سے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی لوسے متعارف کرائے جانے کے تقریباً 3 ماہ بعد ہوئی ہے۔ اس گاڑی کی ابتدائی قیمت 5 لاکھ 50 ہزار یورو یعنی تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

لوسے کی آمد فیراری کے لیے ایک اہم تبدیلی تھی کیونکہ اس کا ڈیزائن روایتی فیراری گاڑیوں کے انداز سے خاصا مختلف تھا۔

مزید پڑھیے: ’بڑے بچوں‘ کے کھلونے: منی اسپورٹس کاریں اصل ماڈل جتنی مزیدار

کمپنی نے ایسے وقت میں مکمل الیکٹرک گاڑی متعارف کرائی جب دیگر معروف اسپورٹس کار ساز ادارے، خصوصاً پورشے اور لیمبورگینی، کمزور طلب کے باعث اپنی الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں میں کمی کر رہے تھے۔

گاڑی کے ڈیزائن پر شدید ردعمل

لوسے کی رونمائی کے بعد فیراری کے حصص پر بھی منفی ردعمل دیکھنے میں آیا۔ تجزیہ کاروں نے اس کی وجوہات میں گاڑی کے ڈیزائن پر تنقید اور مارکیٹ کی وہ کیفیت بیان کی جس میں فیراری کے حصص گاڑی کی رونمائی سے قبل ہی نمایاں حد تک بڑھ چکے تھے۔

تاہم فیراری کے چیف ایگزیکٹو بینیڈیٹو وِگنا نے اس وقت کہا تھا کہ کمپنی اپنے صارفین کی مختلف ضروریات اور خواہشات کا احترام کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیراری کو توقع ہے کہ کمپنی کے موجودہ صارفین میں بھی لوسے کے لیے دلچسپی پیدا ہوگی جبکہ مکمل الیکٹرک ماڈل نئے خریداروں کو بھی فیراری کی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔

ذاتی پسند کے مطابق گاڑیوں کی طلب میں اضافہ

فیراری نے گزشتہ ماہ اپنی پورے سال کی مالی رہنمائی میں بھی بہتری کی جس کی ایک وجہ گاڑیوں کو ذاتی پسند کے مطابق تیار کروانے کی توقع سے زیادہ مضبوط طلب کو قرار دیا گیا۔

کمپنی نے دوسری سہ ماہی کے مالی نتائج میں بھی وال اسٹریٹ کی توقعات کو پیچھے چھوڑا، جبکہ میلان اسٹاک ایکسچینج میں فیراری کے حصص رواں سال اب تک تقریباً 12 فیصد بڑھ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’بیٹھنے میں جہاں زمانے لگے‘، برسوں پیسہ جوڑ کر فراری خریدنے والے کی خوشی چند منٹوں کی نکلی

لوسے کی 4 کروڑ ڈالر میں فروخت اس لحاظ سے بھی غیر معمولی ہے کہ یہ ایک نئی گاڑی کے لیے نیلامی میں ادا کی جانے والی رقم کا ریکارڈ ہے۔ یوں فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی جس کے ڈیزائن نے ابتدا میں مارکیٹ کی رائے کو تقسیم کردیا تھا ایک ہی نیلامی میں دنیا کی مہنگی ترین نئی کاروں میں اپنا نام شامل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp