معروف پاکستانی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر راجَب بٹ نے اپنی دولت اور مہنگی اشیا کی سوشل میڈیا پر نمائش کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بطور کانٹینٹ کریئیٹر انہیں اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو ویڈیوز کا حصہ بنانا پڑتا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں رجب بٹ نے اپنے حالیہ تنازعات، لڑائی جھگڑوں اور دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی دولت کی نمائش کے حوالے سے بھی وضاحت پیش کی۔
رجب بٹ کا کہنا تھا کہ اگر وہ یوٹیوبر کی حیثیت سے 5 کروڑ روپے کی گاڑی خریدتے ہیں تو اس پر وی لاگ بنانا بھی ان کے کام کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق کانٹینٹ کریئیٹرز کسی تقریب حتیٰ کہ سالگرہ کو بھی نظر انداز نہیں کرتے بلکہ وہاں سے بھی مواد تیار کرلیتے ہیں۔
یوٹیوبر نے کہا کہ وہ بھی یہی کرتے ہیں اور اپنی ویڈیوز کو دلچسپ بنانے کے لیے اپنی مہنگی اشیا اور طرزِ زندگی کو ویڈیوز میں دکھاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ اور سعدیہ بلوچ کے درمیان کیا تعلق ہے؟ یوٹیوبر نے حقیقت بتا دی
واضح رہے کہ رجب بٹ ماضی میں بھی اپنی دولت اور پرتعیش طرزِ زندگی کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارب پتی ہیں اور یوٹیوب سمیت دیگر کاروباری سرگرمیوں سے انہوں نے بڑی دولت کمائی ہے۔
رجب بٹ کا یہ مؤقف سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کے اندازِ زندگی اور دولت کی نمائش پر بحث چھڑ گئی ہے۔














