ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے اہم پول ڈی میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ واگنر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں شکست کے بعد گرین شرٹس کا طویل عرصے بعد ورلڈ کپ میں واپسی کا سفر بغیر کسی فتح کے ختم ہو گیا۔
میچ کے آغاز سے ہی بھارتی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پانچویں منٹ میں ہرمنپریت سنگھ نے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر بھارت کو برتری دلائی، جبکہ 11ویں منٹ میں ابھشیک نے شاندار فیلڈ گول کر کے اسکور 0-2 کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہاکی ورلڈ کپ: انگلینڈ کی ویلز پر فتح سے پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں روشن
دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں ہرمنپریت سنگھ نے ایک اور پینلٹی کارنر پر گول کر کے بھارت کی برتری کو 0-3 تک پہنچا دیا۔
پاکستان کا جواب اور دلچسپ مقابلہ
پاکستان نے 22ویں منٹ میں حنان شاہد کے فیلڈ گول کی بدولت پہلا گول اسکور کیا، تاہم اگلے ہی منٹ ابھشیک نے اپنا دوسرا گول کر کے بھارت کی برتری بحال رکھی۔ میچ کے 24ویں منٹ میں پاکستان کے سفیان خان نے پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا، جس کے بعد ہاف ٹائم تک اسکور 2-4 رہا۔
تھرڈ کوارٹر کے آغاز کے 4 منٹ بعد بھارت کے ہاردک سنگھ نے پینلٹی اسٹروک پر گول کر کے اسکور 2-5 کر دیا۔
میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستان کے حنان شاہد نے اپنا دوسرا گول اسکور کر کے خسارہ کم کر کے 3-5 کیا، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود گرین شرٹس مزید کوئی گول نہ کر سکے اور یوں بھارت نے کامیابی حاصل کر لی۔
مزید پڑھیں:ورلڈکپ ہاکی 2026: پاکستان اور بھارت میں سے آگے کون بڑھے گا، فیصلہ آج ہوگا
گرین شرٹس کے لیے یہ ورلڈ کپ ایک مایوس کن تجربہ ثابت ہوا۔ ایک طویل عرصے بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ویلز کے خلاف دوسرا میچ 3-3 سے ڈرا ہوا تھا۔














