پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ہاکی لیگ کا پہلا ایڈیشن 2027 کی پہلی سہ ماہی میں منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق لیگ کے انعقاد کے لیے شراکت داروں کے ساتھ بھرپور کام جاری ہے تاکہ اسے ملکی ہاکی کے لیے ایک یادگار کامیابی بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ: پاکستان کو آخری میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 7 گول سے شکست
فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہاکی میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے اور 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان ہاکی لیگ میدان میں آئے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ملک میں ہاکی کے فروغ کے لیے نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تیاری، نوجوان ٹیلنٹ، پیشہ ورانہ کوچنگ، بہتر ڈھانچے اور بین الاقوامی سطح پر تجربات سمیت متعدد شعبوں میں مثبت پیشرفت جاری ہے۔
پاکستان ہاکی لیگ کے نئے ماڈل پر 2016 سے غور کیا جارہا تھا تاہم مختلف مسائل، اجازت ناموں، شیڈول اور بالخصوص مالی مشکلات کے باعث منصوبہ کئی مرتبہ مؤخر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ 2026: بھارت اہم میچ میں پاکستان کو ہرا کر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا
2022 میں لیگ کے منصوبے نے ایک بار پھر رفتار پکڑی تھی اور اس وقت مقامی ذرائع ابلاغ میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ لیگ کی تفصیلات جون میں جاری کی جائیں گی جبکہ مقابلے ستمبر میں کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق 2022 کے آغاز میں لاہور میں لیگ کے لیے ایک دفتر بھی قائم کیا گیا تھا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے سابق منصوبہ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ کو مشیر کے طور پر شامل کیا گیا تھا، تاہم اس وقت بھی لیگ کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا۔
اب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں لیگ کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے اسے ملکی ہاکی کے لیے نئے دور کی بنیاد قرار دیا ہے۔














