بھارتی ساحل کے قریب سنگاپور جانے والا مال بردار جہاز ڈوب گیا

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے تقریباً 240 ناٹیکل میل دور سنگاپور جانے والا پاناما کا پرچم بردار مال بردار جہاز ڈوب گیا، جس پر 24 افراد سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’ایم وی اوشن ونر‘ نامی جہاز نے 20 اگست کی رات تقریباً ساڑھے 10 بجے اڑیسہ کی پارادیپ بندرگاہ سے سنگاپور کے لیے سفر شروع کیا تھا۔ جہاز پر اڑیسہ سے لدا تقریباً 1700 ٹن لوہے کا خام مال موجود تھا۔ حکام کے مطابق جہاز کے عملے میں 20 چینی، 3 میانماری اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل تھا۔

22 اگست کو صبح 11 بج کر 48 منٹ پر سری وجے پورم میں قائم میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ جہاز چلانے والی کمپنی ’وکٹری اسٹار گروپ‘ نے تلاش اور امدادی کارروائی کے لیے مدد طلب کی۔

واقعے کے بعد بھارتی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ کوسٹ گارڈ کے جہاز ’وراد‘ اور ’انمول‘ کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا، جبکہ ’وجیت‘ نامی ایک اور جہاز کو بھی امدادی کارروائی میں شامل کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بحیرۂ احمر میں حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار جہاز ڈوب گیا، 13 بھارتیوں سمیت تمام 14 ملاح بچا لیے گئے

بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق امدادی ٹیموں نے لائف رافٹس سے 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور ان سے امدادی کارروائی میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp