میر رضا قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ چیلنج، کیس میں اب تک کیا پیشرفت ہوئی ہے؟

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ حکومت نے نوجوان تاجر میر رضا علی قتل کیس میں شفاف انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی نامزدگی پر جسٹس عمر سیال کو اس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

کمیشن کو 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیشن یہ تعین کرے گا کہ آیا پولیس تفتیش میں کوئی کوتاہی ہوئی، شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی یا متعلقہ افسران نے غفلت برتی۔ اس کے علاوہ مزید فارنزک تجزیے اور قانونی کارروائی کی سفارشات بھی کمیشن کا حصہ ہوں گی۔

مقتول کے اہل خانہ کے اعتراضات

مقتول میر رضا کے والد اور ان کے وکیل جبران ناصر نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

وکیل جبران ناصر کے مطابق جوڈیشل کمیشن ایک انکوائری باڈی ہے، جو پولیس کی طرح نہ تو فوجداری تفتیش کر سکتی ہے اور نہ ہی عدالت میں چالان/چارج شیٹ جمع کروا سکتی ہے۔

جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

اہل خانہ نے جوڈیشل کمیشن کے بجائے پولیس، رینجرز، ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندوں پر مشتمل بااختیار جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔

عدلیہ کو ذمہ دار بنانے کا خدشہ

درخواست گزار کے مطابق پولیس اور سابقہ تفتیشی ٹیم کی ناکامیوں پر عدلیہ کو کمیشن کے ذریعے ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ

سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی آئینی بینچ نے جوڈیشل کمیشن کے خلاف اور جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ، پراسیکیوٹر جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو 31 اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے لیے طلب کر لیا ہے۔

عدالت یہ جائزہ لے گی کہ آیا وہ براہِ راست جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے سکتی ہے یا نہیں۔

پولیس تفتیش کا حتمی چالان روک دیا گیا

عدالت عالیہ نے کیس کے زیر التوا ہونے کے دوران موجودہ تفتیشی ٹیم کو فائنل چارج شیٹ یا حتمی رپورٹ جمع کرانے سے روک دیا ہے۔

سٹی کورٹ میں پیشرفت

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں تفتیشی افسر نے موبائل فون اور دیگر اشیا کی فارنزک رپورٹس کا انتظار ہونے کا بتایا، جس پر عدالت نے پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی مدت 7 ستمبر تک بڑھا دی۔

کاروباری پارٹنر کی ضمانت میں توسیع

کراچی کی مقامی عدالت نے میر رضا کے بزنس پارٹنر محمد احمد کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری میں یکم ستمبر تک توسیع کردی ہے۔

سندھ حکومت اور میئر کراچی کا مؤقف

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ حکومت نے خاندان کے تحفظات اور تحفظات تفتیش کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ہی ہائیکورٹ سے جوڈیشل کمیشن کی درخواست کی تھی تاکہ غیر جانبدارانہ حقیقت سامنے آ سکے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ کمیشن کے قیام سے پولیس کی باضابطہ تفتیش پر اثر نہیں پڑے گا۔

واضح رہے کہ 25 سالہ تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو پی ای سی ایچ ایس سے پراسرار طور پر لاپتا ہوئے تھے اور اگلے روز ان کی لاش گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔

پہلے اسے خودکشی قرار دینے کی کوشش کی گئی، تاہم دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ اور طبی شواہد نے ان کے قتل کی تصدیق کی، جس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گلوبل سسٹین ایبلٹی لیڈرشپ ایوارڈ کے لیے نامزد

کراچی میں میوزک کے شائقین کے لیے بڑی خبر، عالمی شہرت یافتہ ڈی جے ایکس ویل 19 ستمبر کو پرفارم کریں گے

شہریوں کے لیے بڑی سہولت: نادرا سینٹرز پر پاسپورٹ پروسیسنگ شروع کرنے کی تجویز پر غور

چین میں ٹیسلا سمیت 40 لاکھ سے زائد الیکٹرک گاڑیاں واپس بلا لی گئیں، وجہ کیا ہے؟

وزیراعظم سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات، زراعت، توانائی اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم

ویڈیو

ستمبر ’ستم گر‘: کیا استحکام پاکستان پارٹی کا وجود ختم ہونے جارہا ہے؟

اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دے کر اب تھک چکا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

دور افتادہ علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے معاون فاؤنڈیشن کی کاوشیں

کالم / تجزیہ

اِکّو اَلف تیرے دَرکار

مولانا کیا چاہتے ہیں؟

کیا شہباز حکومت توہینِ عدالت کے ’جرم‘ میں گھر جا سکتی ہے؟