میوزک کے شائقین کے لیے کراچی میں ایک بڑی اور دلچسپ میوزیکل نائٹ ہونے جارہی ہے، جہاں سوئیڈن کے عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایکس ویل 19 ستمبر کو کراچی میں پرفارم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کی وہ دکان جس نے کوک اسٹوڈیو کو 13 سیزنز تک موسیقی کے آلات فراہم کیے
فرسٹ لائٹ کے نام سے ہونے والا یہ میوزیکل شو معین خان اکیڈمی، ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں الیکٹرانک میوزک کے شائقین کو عالمی سطح کے فنکار کی لائیو پرفارمنس دیکھنے اور سننے کا موقع ملے گا۔
کراچی میں لوکل ٹیلنٹ بھی ایکشن میں ہوگا
ایکس ویل کی پرفارمنس سے قبل پاکستان کے مقامی فنکار بھی اس میوزیکل نائٹ کا حصہ ہوں گے۔
پروگرام میں بلال بروہی، ہیزی اور شاٹ باکس پرفارم کریں گے، یوں شائقین کو ایک ہی ایونٹ میں پاکستانی میوزک ٹیلنٹ کے ساتھ بین الاقوامی الیکٹرانک میوزک کا تجربہ بھی ملے گا۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ کا تصور طلوعِ آفتاب سے متاثر ہے، جس کے تحت میوزک کے ساتھ لائٹنگ اور بصری اثرات کے ذریعے ایک منفرد ماحول پیش کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
ٹکٹ کتنے کے ہیں؟
فرسٹ لائٹ کے لیے مختلف کیٹیگریز میں ٹکٹ دستیاب ہیں۔
برونز ارلی برڈ ٹکٹ 6 ہزار 500 روپے جبکہ اسٹینڈرڈ قیمت 8 ہزار 500 روپے رکھی گئی ہے۔
سلور کیٹیگری کا ارلی برڈ ٹکٹ 10 ہزار 500 جبکہ اسٹینڈرڈ ٹکٹ 12 ہزار 500 روپے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شرکت کے لیے پہلی بار سعودی فنکاروں کی پاکستان آمد
گولڈ کیٹیگری کے ٹکٹ 14 ہزار 999 روپے کے ارلی برڈ ریٹ جبکہ 18 ہزار 500 روپے کے اسٹینڈرڈ ریٹ پر دستیاب ہیں۔
اس کے علاوہ وی آئی پی ٹکٹ 25 ہزار روپے ارلی برڈ اور 30 ہزار روپے اسٹینڈرڈ جبکہ پلیٹینم کیٹیگری 45 ہزار روپے ارلی برڈ اور 50 ہزار روپے اسٹینڈرڈ میں رکھی گئی ہے۔
تنہا آنے والی خواتین کے لیے پنک کیٹیگری بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کا ارلی برڈ ٹکٹ 12 ہزار 999 روپے ہے۔
وینیو پر کن چیزوں کی اجازت نہیں ہوگی؟
ایونٹ میں شرکت کرنے والوں کے لیے اصل شناختی کارڈ اور ٹکٹ ساتھ لانا ضروری ہوگا، جبکہ سیکیورٹی چیکنگ کے بعد ہی وینیو میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
وینیو کے اندر باہر کا کھانا، الکحل، ہتھیار، منشیات، ڈرون، پروفیشنل کیمرے اور بڑے بیگز لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی خان ڈھاکہ میں امدادی میوزک کنسرٹ میں مفت پرفارم کریں گے
منتظمین کے مطابق وینیو سے باہر جانے کے بعد دوبارہ داخلے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
کراچی میں بین الاقوامی میوزک اسٹار کی یہ پرفارمنس شہر کے نوجوانوں اور الیکٹرانک میوزک کے شائقین کے لیے ایک خاص موقع بن سکتی ہے، جہاں 19 ستمبر کی رات لوکل ٹیلنٹ اور عالمی میوزک ایک ہی اسٹیج پر نظر آئے گا۔














