سرخ بالوں کی خوبصورتی کا جشن، نیدرلینڈز میں سالانہ ریڈ ہیڈ فیسٹیول

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیدرلینڈز کے شہر تلبرگ میں دنیا بھر سے سرخ بالوں والے افراد سالانہ ’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ فیسٹیول میں شریک ہوئے، جہاں منفرد بالوں کے رنگ کو اپنی شناخت اور فخر کے ساتھ منانے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔

رواں سال میلہ 28 سے 30 اگست تک جاری رہا، جس میں مختلف ممالک اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز میں گزشتہ سال میوزیم سے چوری ہونے والا ڈھائی ہزار سالہ قدیم سونے کا ہیلمٹ برآمد

مذکورہ میلے سے تلبرگ کا ماحول رنگا رنگ اور بین الاقوامی اجتماع کا منظر پیش کرتا رہا، 30 اگست کو شرکا نے مختلف سرگرمیوں، تفریحی پروگراموں اور اجتماعی تقریبات میں حصہ لیا، جبکہ سرخ بالوں والے افراد نے ایک دوسرے کے ساتھ میل جول اور تجربات بھی شیئر کیے۔

’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ کو دنیا میں سرخ بالوں والے افراد کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے، فیسٹیول کا مقصد محض تفریح نہیں بلکہ سرخ بالوں سے وابستہ افراد کے درمیان رابطے، فخر اور ایک دوسرے کو قبول کرنے کے جذبے کو فروغ دینا بھی ہے۔

فیسٹیول کے پروگرام میں فوٹو شوٹس، ورکشاپس، تخلیقی اور کھیلوں کی سرگرمیاں، موسیقی، رقص، لیکچرز اور سماجی اجتماعات شامل تھے، بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ خاندان اور سرخ بالوں والے افراد کے دوست بھی اس جشن میں شریک ہوئے۔

تلبرگ میں منعقد ہونے والا یہ میلہ دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے افراد کو ایک مشترکہ شناخت کے تحت اکٹھا کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: نیدرلینڈز کے طلبا نے شمسی توانائی سے چلنے والی جدید ایمبولینس تیار کرلی

منتظمین کے مطابق تقریب میں بالوں کے سرخ، تانبے اور دیگر متعلقہ شیڈز رکھنے والے افراد کو خوش آمدید کہا جاتا ہے، جبکہ سرخ بال نہ رکھنے والے افراد بھی فیسٹیول میں شرکت کرسکتے ہیں۔

’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، جب ایک ڈچ مصور نے سرخ بالوں والے ماڈلز کی تلاش کے لیے اشتہار دیا، تاہم توقع سے کہیں زیادہ لوگوں نے رابطہ کیا۔

اس غیر معمولی ردعمل کے بعد یہ اجتماع ایک سالانہ فیسٹیول میں تبدیل ہوگیا اور وقت کے ساتھ دنیا بھر کے سرخ بالوں والے افراد کے لیے ایک اہم عالمی اجتماع بن گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp