زیرک شاہ کا زمرد خان کے ہمراہ ری ہیب سنٹر اور سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کا دورہ

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کے ہمراہ زمرد خان ری ہیب سنٹر چکری اور سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں اداروں کی کارکردگی، سہولتوں اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران سید زیرک شاہ کو زمرد خان ری ہیب سنٹر چکری کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکز میں اب تک 100 سے زائد افراد منشیات کی لت سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور بحالی کے بعد اپنے اپنے پیشوں سے دوبارہ وابستہ ہوکر صحت مند اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ زیرک شاہ نے ری ہیب سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور بحالی کے معیار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے پمز اسپتال سانحہ، سویٹ ہوم متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، زمرد خان کا اعلان

سید زیرک شاہ نے بعدازاں سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں کالج کے نئے بلاک اور طلبہ کے لیے فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے 4 طلبہ رواں سال مسلح افواج میں کمیشن حاصل کرکے اپنی تربیت مکمل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر کیڈٹ بچوں سے ملاقات کے دوران زیرک شاہ نے ان کی تعلیمی و تربیتی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر سید زیرک شاہ نے ری ہیب سنٹر اور کیڈٹ کالج کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور نادار بچوں کی بہتر نگہداشت، تعلیم و تربیت اور ضرورت مند افراد کے علاج و بحالی کے لیے پاکستان سویٹ ہوم کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم مقصد کے لیے وہ پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور مدد کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان کے آزادی کے دن کی تقریبات، سویٹ ہوم کے بچے فوجی یونیفارم میں بنے توجہ کا مرکز !

زمرد خان نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے زیر انتظام ہزاروں بے سہارا بچوں کی پرورش، تعلیم اور تربیت کے علاوہ بلڈ بینک، تدفین، ایمبولینس سروس اور ہزاروں مستحق افراد کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دسترخوان کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے، جہاں ضرورت مندوں کو روزانہ دو وقت مفت اور معیاری کھانا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکالرشپ پروگرام کے تحت مستحق بچوں کو سی ایس ایس کی تیاری بھی کرائی جارہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی اعلیٰ سول سروس کا حصہ بن سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp