ورک پلیس پر مصنوعی ذہانت کے بارے میں ملازمین کے تاثرات، نئی نسل کیا سوچتی ہے؟

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملازمتوں کے معروف پلیٹ فارم ’گلاس ڈور‘ کی ایک جدید تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ دفتری امور میں مصنوعی ذہانت یا آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)  کے استعمال کے بارے میں ملازمین کی رائے تیزی سے منفی ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نئی نسل ’جین زی‘ کے مقابلے میں بڑی عمر کے تجربہ کار ملازمین اے آئی کو لے کر زیادہ پرامید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بظاہر فیصلہ آپ کا لیکن پیچھے اے آئی کار فرما، نئی تحقیق نے خطرناک پہلو دکھا دیا

تحقیق کے مطابق کے تقریباً نصف ملازمین نے اے آئی کے استعمال کو مثبت قرار دیا جبکہ جین زی سے تعلق رکھنے والے صرف 33 فیصد ملازمین نے اس سے اتفاق کیا۔

رائے میں تبدیلی اور اہم اعداد و شمار

یہ اسٹڈی ملازمین کے تبصروں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جو کہ ملازمتوں کے نقصان، ملازمین پر نگرانی اور اس ٹیکنالوجی سے وابستہ غیر حقیقت پسندانہ توقعات جیسے خدشات کو ظاہر کرتی ہے۔

مئی 2025 کے مقابلے میں مئی 2026 میں اے آئی پر بات کرنے والے گلاس ڈور ریویوز میں 240 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

مزید پڑھیے: فیکٹریوں اور کارخانوں کے لیے جدید بصری اے آئی ماڈل متعارف، یہ دیگر روبوٹس سے کیسے مختلف ہوں گے؟

سال 2019 میں اے آئی کے بارے میں 81 فیصد ریویوز مثبت تھے جو سال 2026 میں کم ہو کر صرف 43 فیصد رہ گئے ہیں۔ اس وقت 53 فیصد تبصرے منفی اور 4 فیصد غیر جانبدار ہیں۔

سینیئر بمقابلہ جونیئر ملازمین

سینیئر اور اعلیٰ عہدوں پر فائز 40 سال سے زائد عمر کے ملازمین اے آئی کو ایک خطرے کے بجائے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا رویہ زیادہ مثبت ہے۔

نوجوان ملازمین بشمول جین زی اور ملینیئلز میں منفی سوچ زیادہ غالب ہے۔ جنریشن زی کے صرف 33 فیصد اور ملینیئلز کے 40 فیصد افراد نے مثبت رائے دی۔ ان کی سب سے بڑی وجہ ابتدا(اینٹری لیول) کی ملازمتوں کے مواقع کا محدود ہونا ہے۔

نوجوان ملازمین کو اے آئی سے تحفظات

ملازمتوں کا ختم ہونا: 20 فیصد تبصروں کے ساتھ یہ سب سے بڑا خدشہ رہا۔

اے آئی ٹولز کا بے جا استعمال: 14 فیصد ملازمین اس سے نالاں نظر آئے۔

اصل کاروبار پر عدم توجہی: 13 فیصد کا ماننا ہے کہ اے آئی کی وجہ سے اہم بنیادی امور سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔

دفتری نگرانی میں اضافہ: 10 فیصد نے ورک پلیس پر کڑی نگرانی کو تشویشناک بتایا۔

غیر حقیقت پسندانہ توقعات: 8 فیصد افراد کا خیال ہے کہ AI کے فوائد کو حد سے زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اے آئی کے ہاتھوں انسانیت کے خاتمے کے کتنے فیصد امکانات ہیں، ماہرین کے اندازے

اسٹڈی میں مزید بتایا گیا ہے کہ صنفی لحاظ سے بھی آرا مختلف ہیں جہاں تمام عمر کے گروپس میں خواتین نے مردوں کے مقابلے میں ورک پلیس اے آئی پر زیادہ تنقید کی اور تحفظات کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp