میر رضا علی کیس میں اہم پیشرفت، میڈیکل بورڈ نے خودکشی کا امکان رد کردیا، اہم انکشافات

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اور اب میڈیکل بورڈ نے خود کشی کا امکان رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشت پر گولی لگنے اور دل پھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔

تھانہ فیروز آباد میں درج مقدمہ تحت متوفی میر رضا علی کی قبر کشائی کے بعد پولیس سرجن کراچی کی سربراہی میں قائم 8 رکنی بااختیار میڈیکل بورڈ نے اپنی حتمی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ متوفی کی موت خودکشی نہیں بلکہ پیٹھ پر گولی لگنے اور دل پھٹنے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے اہم ترین نکات اور حقائق

میڈیکل بورڈ نے اپنی متفقہ رائے میں کہا ہے کہ شواہد اور فارنزک تجزیے کی روشنی میں خودکشی کی نوعیت کو مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گولی متوفی کے بالائی جسم کے پچھلے حصے سے بائیں جانب چھٹی پسلی کے پاس سے داخل ہوئی اور سینے کے اگلے حصے سے باہر نکلی۔ گولی لگنے کے باعث دل شدید زخمی ہوا جو فوری موت کا سبب بنا۔

جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ (آئی سی سی بی ایس) کی لیبارٹری رپورٹ کے مطابق متوفی کے جسم سے لیے گئے نمونوں کے ڈی این اے پروفائل کا ان کے والدین میر حسین علی اور مریم حسین کے ڈی این اے سے مکمل میل ہو گیا ہے، جس سے متوفی کی حتمی شناختی تصدیق میر رضا علی کے نام سے ہو گئی ہے۔

فارنزک اور کیمیائی تجزیہ

قمیض کے پچھلے حصے پر بارود کی مقدار سامنے والے حصے کی بنسبت زیادہ پائی گئی، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ گولی پیچھے سے چلائی گئی تھی، فارنزک معائنے کے دوران متوفی کی قمیض پر ہائیڈروکلورک ایسڈ کے اثرات بھی پائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خون کے نمونوں میں Anaesthetic کی دوا Bupivacaine کے اثرات ملے ہیں، جبکہ کسی قسم کے زہر، نشہ آور یا سکتہ طاری کرنے والے مادے کے شواہد نہیں ملے۔

جسمانی تشدد کے نشانات

میڈیکل بورڈ کے معائنے کے مطابق متوفی کی کھوپڑی، ناک کی ہڈی، چہرے، دائیں پہلو اور بائیں پاؤں پر شدید چوٹوں اور خون جمنے کے نشانات پائے گئے ہیں۔

اس حتمی رپورٹ پر پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیعہ سید سمیت 8 رکنی بورڈ کے تمام اراکین، جن میں پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد (ڈاؤ میڈیکل کالج)، ڈاکٹر فرح وسیم (ایس ایم سی)، اور دیگر فارنزک و طبی ماہرین شامل ہیں، کے دستخط موجود ہیں۔

اس حتمی میڈیکل رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد کیس کی تفتیش میں بڑا موڑ آ گیا ہے اور پولیس تفتیش کو اب قتل کی تحقیقات کو جدید فارنزک جہتوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp