جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ یہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل حمایت کی تاریخ پر استوار ہیں۔
اس موقع پر شرکا نے ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں پاک فوج کے افسران، جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا اختتام جمہوریہ ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبات کے اظہار کے ساتھ ہوا۔













