وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی مختلف ممالک کے صدور، وزرائے اعظم اور عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
وزیراعظم کی تقریب میں شریک روسی صدر ولادیمر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی بشکیک میں منعقدہ چھٹی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت
وزیرِ اعظم کی تقریب میں شریک مختلف ممالک کے صدور و وزراء اعظم و عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں۔
وزیرِ اعظم کی روسی صدر ولادیمر پوتن، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس،… pic.twitter.com/RrX93tufO5
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) August 31, 2026
اس کے علاوہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
تقریب میں آمد پر کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کھڑے ہو کر نومیڈ گیمز میں حصہ لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی دستے کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کو داد دی۔ پاکستانی کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
عالمی نومیڈ گیمز وسطی ایشیا کے روایتی کھیلوں کے لیے منعقد ہونے والا ایک بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ ہے۔
نومیڈ گیمز وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کی ثقافتوں میں جڑے روایتی کھیلوں پر مشتمل ہیں، جن میں کشتی، گھڑ دوڑ، جانوروں کے شکار کی روایات، تیر اندازی اور ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔
ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔













