وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغیزستان نے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو عملی شکل دینے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں معاشی تعاون خصوصی توجہ کا مرکز رہا اور اب عملی اقدامات کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی سطح پر لے جایا جائے گا۔
بشکیک میں کرغیزستان کے صدر صادیر جباروف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک باہمی مفادات کے ساتھ ساتھ امن اور اقوام کے درمیان تعاون کے وسیع تر مقصد کے لیے بھی مل کر کام کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
شہباز شریف نے کرغیز حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کرغیزستان کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے کرغیزستان کی جانب سے نومیڈ گیمز کی کامیاب میزبانی کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کو ان کھیلوں میں شرکت کا موقع ملا۔ انہوں نے کرغیزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور شنگھائی تعاون تنظیم کی 2025-26 کی کامیاب سربراہی کو بھی سراہا۔
https://twitter.com/PakTVGlobal/status/2095030736869048546
وزیراعظم نے کہا کہ صدر صادیر جباروف کی متحرک قیادت میں کرغیزستان نے نمایاں اقتصادی ترقی کی ہے اور اس ترقی کو عوام تک پہنچانے کے لیے عوامی خدمات میں توسیع اور کمزور طبقات کے لیے ہدفی معاونت سمیت اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغیزستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات پر مشتمل جامع منصوبے پر کام کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بشکیک: اسحاق ڈار کی ترک انٹیلیجنس کے سربراہ ابراہیم قالن سے ملاقات
شہباز شریف نے صدر صادیر جباروف کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عوامی مفادات اور بنیادی حقوق کی حمایت کے ساتھ خطے میں امن، تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔













