آئی سی سی نے ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے بھارت منتقل کردی

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے سری لنکا سے میزبانی واپس لیتے ہوئے بھارت کو افتتاحی ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کا نیا میزبان مقرر کر دیا ہے۔ یہ سنسنی خیز ٹورنامنٹ اگلے سال فروری 14 سے فروری 28 تک بھارت کے 2 شہروں ممبئی اور وڈودرا میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ میں حکومتی مداخلت اور سیاسی بنیادوں پر تقرریوں کے باعث آئی سی سی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی کی سخت پالیسی کے تحت کسی بھی ملک میں حکومت کی طرف سے مقرر کردہ عبوری یا سیاسی ایڈمنسٹریشن کی اجازت نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان چیمپیئن ٹرافی سے باہر؟۔ کے پی سنگاپور سے آگے۔ وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات

سری لنکا کرکٹ کو اس وقت سرکاری طور پر نامزد کردہ ٹرانسفارمیشن کمیٹی چلا رہی ہے جو اصلاحات کی ذمہ دار ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2024 کا انڈر 19 ورلڈ کپ بھی حکومتی مداخلت کے باعث سری لنکا سے لے کر جنوبی افریقہ منتقل کیا گیا تھا، تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ جولائی کی سالانہ کانفرنس میں طے پانے والی اصلاحات پر تاحال کام کر رہا ہے۔

میچز کے وینیوز اور ٹورنامنٹ کا فارمیٹ

آئی سی سی بورڈ نے یکم ستمبر کو بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور بھارت کے وینیوز کا جائزہ لینے کے بعد بھارت کے حق میں فیصلہ دیا۔

اس ایونٹ کے تمام میچز بھارت کے 2 نامور اسٹیڈیمز، ممبئی کے کرکٹ کلب آف انڈیا (برابورن اسٹیڈیم) اور وڈودرا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

راؤنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی ٹاپ 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور میزبان بھارت شامل ہیں۔ فائنل مقابلہ 28 فروری کو کھیلا جائے گا۔

چیئرمین آئی سی سی جے شاہ کا بیان

اس موقع پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن ٹرافی 2027 خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک نئے اور پرجوش باب کا آغاز ہے۔

مزید پڑھیں:نیشنل چیمپیئنز کپ 27-2026 کی ٹرافی کی ملتان میں رونمائی، 4 ٹیمیں 11 اگست سے مدمقابل

 ان کا کہنا تھا کہ یہ افتتاحی ٹورنامنٹ دنیا کی بہترین ٹیموں کو ایک انتہائی سخت اور معیاری مقابلے کے لیے اکٹھا کرے گا، جبکہ ہر سال ایک بڑا ویمنز ایونٹ منعقد ہونے سے کھلاڑیوں اور مداحوں کے لیے کھیل کی دنیا میں ایک بہترین تسلسل اور رفتار پیدا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp