ملتان میں پاکستان کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے آغاز سے قبل نیشنل چیمپئنز کپ 27-2026 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے جبکہ چاروں ٹیمیں 11 اگست سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نیشنل چیمپیئنز کپ اہم ثابت ہوگا، مائیک ہیسن
ٹرافی کی رونمائی چاروں ٹیموں کے کپتانوں کی موجودگی میں ہوئی جو اس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔
نیشنل چیمپیئنز کپ کی ٹرافی کا ڈیزائن بلند قامت اور چاندی کے رنگ کا ہے جس پر پالش شدہ دھاتی فنش نمایاں ہے۔ ٹرافی کے اوپری حصے پر گلوب نما ڈیزائن بنایا گیا ہے جبکہ یہ سیاہ رنگ کے بیس پر نصب ہے جس پر نیشنل چیمپیئنز کپ کا لوگو اور ’نیشنل چیمپئنز کپ 27-2026‘ درج ہے۔
پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان بخار کے باعث ٹرافی فوٹو سیشن اور ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے جس کے باعث ان کی جگہ فہیم اشرف نے نمائندگی کی۔
Al Batal Presents University of Lahore National Champions Cup trophy has been unveiled at Multan Cricket Stadium 🏆
Action gets underway tomorrow 🏏
Tournament schedule ➡️ https://t.co/05eKfBtqCP#NationalChampionsCup | #KhelAzadiSe pic.twitter.com/UgQMBwPcRG
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 10, 2026
نیشنل چیمپیئنز کپ 11 سے 18 اگست تک جاری رہے گا جس میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔
مزید پڑھیے: نیشنل چیمپیئنز کپ: پی سی بی کا شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان، شاہین آفریدی سمیت 4کپتان مقرر
لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست 2 ٹیمیں 18 اگست کو کھیلے جانے والے فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
چاروں ٹیموں کی قیادت بالترتیب شاداب خان، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔
تمام میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ مقابلوں کی صورت میں کھیلے جائیں گے اور ہر میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے ہر ٹیم کے پلیئنگ الیون کو پہلے سے مقرر کیا ہے جبکہ 13 کھلاڑیوں پر مشتمل ریزرو پول بھی رکھا گیا ہے۔ ریزرو کھلاڑیوں کو صرف کسی کھلاڑی کے زخمی ہونے یا سر پر چوٹ لگ جانے کے باعث کھیل جاری رکھنے کے قابل نہ رہنے کی صورت میں متبادل کے طور پر شامل کیا جا سکے گا۔
🏏🇵🇰 The four kits for the National Champions Cup are here!
Which one looks the best? 👀🔥 pic.twitter.com/dCOBou9NjH
— Humais khan (@Humireacts) August 9, 2026
نیشنل چیمپیئنز کپ کے لیے 44 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز اور ریزرو پول کا انتخاب 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے قومی سلیکٹرز کو تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔
پاکستان گرینز
پلیئنگ الیون: شاداب خان (کپتان)، فہیم اشرف، فخر زمان، فرحان یوسف، مہران ممتاز، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، سعد بیگ (وکٹ کیپر) اور سمیر منہاس۔
پاکستان وائٹس
پلیئنگ الیون: صائم ایوب (کپتان)، عاکف جاوید، علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، محسن ریاض، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، شہزیب خان اور عثمان خان (وکٹ کیپر)۔
پاکستان بلیوز
پلیئنگ الیون: صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبداللہ شفیق، احمد دانیال، عرفات منہاس، حسن علی، حسین طلعت، جہانداد خان، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، شمیل حسین، سفیان مقیم اور تیمور خان (وکٹ کیپر)۔
پاکستان گولڈ
پلیئنگ الیون: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، عبدالسبحان، فیصل اکرم، حیدر علی، کامران غلام، معاذ صداقت، محمد نواز، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، محمد عمران اور سعد خان۔
نیشنل چیمپیئنز کپ 27-2026 کا شیڈول
11 اگست: پاکستان گرینز بمقابلہ پاکستان وائٹس
12 اگست: پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان گولڈ
13 اگست: پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان وائٹس
14 اگست: پاکستان گولڈ بمقابلہ پاکستان گرینز
15 اگست: پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان گرینز
16 اگست: پاکستان گولڈ بمقابلہ پاکستان وائٹس
18 اگست: فائنل
ٹورنامنٹ کے نتائج کو 2027 کے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ قومی سلیکٹرز کو ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کی فارم، فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔














