اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملائیشیا جانے والے شہری کو آف لوڈ کیے جانے کے معاملے پر متعلقہ افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، جبکہ متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی الگ الگ متفرق درخواستیں نمٹا دی گئیں۔ عدالت نے دونوں مقدمات میں آئندہ کارروائی کے لیے تاریخیں مقرر کردی ہیں۔
ملائیشیا جانے والے شہری محمد سعد کی درخواست پر جسٹس ایاز شوکت نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے پاس ملائیشیا کا ویزا اور ریٹرن ٹکٹ سمیت بیرون ملک سفر کے لیے تمام ضروری دستاویزات موجود تھیں، اس کے باوجود اسے 12 اگست کو ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے پر آف لوڈ ہونیوالا مسافر بالآخر سعودی عرب کیسے پہنچا؟
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شہری کو آف لوڈ کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس افسر یا شفٹ انچارج کو بھی طلب کرلیا جس نے 12 اگست کو محمد سعد کو آف لوڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ افسر آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر شہری کو آف لوڈ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کرے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر بھی کارروائی ہوئی۔ جسٹس اعظم خان نے درخواستوں کی سماعت کی، اس موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے ایڈووکیٹ ریاست علی آزاد اور ایڈووکیٹ زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ریاست علی آزاد نے عدالت کو بتایا کہ دونوں کی سزا معطلی کی درخواستیں پہلے ہی 8 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہیں، جبکہ اس معاملے سے سپریم کورٹ کو بھی آگاہ کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایمان مزاری کیس: سپریم کورٹ نے سماعت ملتوی کر دی
وکیل نے سپریم کورٹ کے حکم نامے کی کاپی بھی عدالت کے سامنے پیش کی اور استدعا کی کہ چونکہ اصل درخواستیں 8 ستمبر کو پہلے ہی مقرر ہوچکی ہیں، اس لیے جلد سماعت سے متعلق متفرق درخواستیں نمٹا دی جائیں۔
عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں متفرق درخواستیں نمٹا دیں۔ یوں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر باقاعدہ سماعت 8 ستمبر کو ہوگی۔














