برطانوی کنگ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی دلچسپ انداز میں تعریف کی، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملک میں امن اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔
کنگ چارلس نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو کلیرنس ہاؤس میں خوش آمدید کہا، جہاں انہوں نے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے ملاقات کی اور کرکٹ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بکنگھم پیلس نے بھی ملاقات کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کلیرنس ہاؤس میں استقبال کیا۔
Chairman PCB @MohsinnaqviC42 sb, @AJavedOfficial sb, @CoachHesson… Captain @babarazam258 and other team members met King Charles today#PakistanCricket #BabarAzam pic.twitter.com/mPEY0jQgds
— Qadir Khawaja (@iamqadirkhawaja) September 2, 2026
ملاقات کے بعد اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے خوشگوار انداز میں کہا کہ ’آج حقیقی کنگ سے مل کر بہت اچھا لگا۔‘ بابر کے اس جملے کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی پذیرائی مل رہی ہے، کیونکہ کرکٹ کے میدان میں انہیں مداح اکثر ’کنگ بابر‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔ محسن نقوی کے مطابق کنگ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:کنگ چارلس اور شہزادہ ولیم کے درمیان اختلافات کی خبریں
کنگ چارلس نے محسن نقوی سے پاکستان کی خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ پی سی بی چیئرمین نے ملاقات کو ’بہت مفید‘ قرار دیا۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے کنگ چارلس کو خصوصی تحفے کے طور پر کرکٹ بیٹ بھی پیش کیا گیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی برطانوی بادشاہ سے یہ ملاقات کھیل اور سفارتکاری کے امتزاج کے حوالے سے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے۔














