وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
کرپشن کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ سیل کی رپورٹس براہِ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر ملوث عناصر کی گرفتاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے لیے نہ کوئی گنجائش، نہ پناہ اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ماحولیات اور جنگلات کے نظام میں بڑی اصلاحات، وزیراعلیٰ مریم نواز کا کرپشن فری ڈیجیٹل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں۔
عوام کی شکایات کے اندراج اور کرپشن کی نشاندہی کے لیے وزیراعلیٰ کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی جبکہ شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عوام کی خون پسینے کی کمائی کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے، مریم نواز
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔ ’کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ یہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والے ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔
مزید پڑھیں: پیرا فورس میں اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابل قبول، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دوٹوک پیغام
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں اور ان کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ کرنا ہوگی، بصورت دیگر کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا اور کسی کو عوام کا پیسہ کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو افسر یا اہلکار اچھا کام کرے گا، اس کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج دیا جائے گا، جبکہ کرپشن میں ملوث افراد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔














