سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ سے وابستہ 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی 2 ستمبر 2026 کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن ردالفتنہ 3: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اس کی مسلسل نگرانی کی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔
کارروائی میں تمام 12 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے موجود اسلحہ و گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان آپریشن رد الفتنہ کے تحت 150 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد، دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت ملک سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔













