ایک اور بھارتی پائلٹ کی نا اہلی، پارکنگ کے دوران مسافر طیارہ کھمبے سے ٹکرا دیا، فرنٹ بری طرح متاثر

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی پائلٹس کی ناقص تربیت پوری دُنیا میں اس وقت زیر بحث ہے،بھارتی پائلٹس کی نا اہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں پائلٹ نے سری نگر بین الاقوامی ایئرپورٹ پر نجی فضائی کمپنی انڈیگو کے مسافر طیارے کو پارکنگ کے دوران ’گائیڈنگ کھمبے پر دے مارا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پائلٹ کی جانب سے طیارے کو کھمبے سے ٹکرانے کے بعد کھمبا اپنی جگہ سے اکھڑ کر ایک طرف جھک گیا۔

 خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو کوئی گزند نہیں پہنچی تاہم طیارے کا فرنٹ تباہ ہو گیا ہے جس کے بعد طیارے کو سری نگر ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جبکہ تمام افراد کو ہنگامی سیڑھیوں کے ذریعے حفاظت سے طیارے سے اتار لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی ایئرفورس کا ایک اور لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک

انڈیگو کی پرواز نمبر 6E 225 نوی ممبئی سے سری نگر کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ یہ طیارہ 4 ستمبر کی صبح سری نگر ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر چکا تھا اور اسے بے نمبر 6 پر پارک کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ واقعہ صبح 9 بجے کے قریب رونما ہوا۔

حادثہ کیسے پیش آیا

عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی پائلٹ نے طیارے کو پارکنگ اسٹینڈ کی جانب بڑھایا، پائلٹ نے طیارے کو طیاروں کی گائیڈ کے لیے لگائے گئے کھمبے کے ساتھ دے مارا، جس کے باعث کھمبا زور دار جھٹکے سے ترچھا ہو کر ایک جانب لڑھک گیا۔ حادثے کے مقام سے سامنے آنے والی تصاویر میں یہ منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈیگو نے اپنے باضابطہ بیان میں تصدیق کی کہ ’پرواز 6E 225 جو نوی ممبئی سے سری نگر آ رہی تھی، سری نگر بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کے بعد پارکنگ کے دوران ایک اسٹینڈ کھمبے سے ٹکرا گئی۔’ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں اور طیارے سے اتر چکے ہیں۔

حفاظتی اقدامات اور تحقیقات

ایئرلائن کے مطابق مقررہ ضابطہ کار کے عین مطابق متعلقہ حکام کو فوری طور پر اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا تھا اور اب مشترکہ طور پر معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:بھارتی دعوے بے بنیاد، ایک بھی پاکستانی طیارہ تباہ نہیں ہوا: خواجہ آصف کا انڈین ایئرچیف کے بیان پر ردعمل

طیارے کو ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور یہ اسی وقت دوبارہ پرواز کے قابل ہوگا جب متعلقہ کلیئرنس حاصل کر لی جائے گی۔

اس حادثے کے باوجود سری نگر ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہا اور شیڈول کے عین مطابق پروازیں اپنے اوقات کار پر رواں دواں رہیں۔ ایئرلائن نے واضح کیا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp