چونڈہ کے غیور عوام نے 1965 میں پاک افواج کے شانہ بشانہ دشمن کو شکست دی، پرویز اقبال لوسر، یوم شہدا کی تقریب میں شرکت

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر (تمغۂ خدمت) نے کہا ہے کہ چونڈہ اور سیالکوٹ کے غیور اور بہادر عوام نے 1965 کی جنگ میں پاک فوج کے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو شکستِ فاش دی۔ چونڈہ کے عوام کی جرات، بہادری اور عزم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

وہ یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں یادگارِ شہدا، چونڈہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماع سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کررہے تھے۔

مزید پڑھیں: یومِ دفاع پاکستان: جی ایچ کیو راولپنڈی، کراچی اور بلوچستان میں پروقار تقریبات، شہدا کو خراج عقیدت

تقریب کی میزبانی چیئرمین یورپ پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی، گوہر مجید باجوہ نے کی۔ تقریب میں آمد پر گوہر مجید باجوہ نے ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر کا پرتپاک استقبال کیا۔

ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے کہاکہ پاکستان کی بہادر، پیشہ ور اور جری افواج، بشمول پاک آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے 10 مئی 2025 کو بھی دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے شکست دی۔

انہوں نے کہاکہ یہ کامیابی پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، قومی جذبے اور مضبوط قیادت کا مظہر ہے۔

انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز کو وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانے پر مدعو کیا جانا بھی پاکستان کی عسکری قیادت کے عالمی وقار اور اہمیت کا واضح اظہار ہے۔

ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے کہاکہ سیالکوٹ اور چونڈہ کے بہادر عوام آج بھی اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اگر کسی بزدل دشمن نے اس جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو عوام ایک مرتبہ پھر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مادرِ وطن کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ منفی سوچ کو مثبت سوچ میں بدلا جائے اور پاکستان کے عوام بالخصوص نوجوان نسل کے ذہنوں میں اپنی مسلح افواج کے حوالے سے مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دیا جائے۔ پاک افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی ضامن ہیں اور قوم کو ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔

ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ گوہر مجید باجوہ جیسے مخلص، دیانتدار اور باکردار نوجوان اس امر کی بہترین مثال ہیں کہ نوجوان نسل اپنے علاقے کے عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

یادگارِ شہدا پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی

پروگرام سے قبل ڈاکٹر پرویز لوسر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی خالد اصغر گھرال نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے پنڈال گونج اٹھا

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے شرکا کے ہمراہ پُرجوش انداز میں ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘ کے نعرے لگائے، جس سے پورا پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp