یومِ فضائیہ: راشد منہاس شہید کو خراجِ عقیدت، پھولوں کی چادر چڑھانے کی پُروقار تقریب

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔

مزید پڑھیں:شہید میجر شبیر شریف نشان حیدر کا 54واں یوم شہادت، پاک فوج کی جانب سے خراج عقیدت

پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی قیادت ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، نے کی۔ انہوں نے مزارِ شہید پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور سربراہِ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے قومی ہیرو کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے راشد منہاس شہید کی بے مثال جرأت، فرض سے غیر متزلزل وابستگی اور وطن کے لیے عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے مطابق راشد منہاس شہید کا تابندہ کردار آج بھی فورس کی قابلِ فخر روایات کو روشن کیے ہوئے ہے، جہاں فرض، عزت اور قربانی کو بلند ترین مقام حاصل ہے۔

تقریب کے دوران وطنِ عزیز کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاک فضائیہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جرأت، پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ سطح کی جنگی تیاری اور پختہ عزم کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر رجمنٹ کے بہادر سپوت نائیک سیف علی جنجوعہ شہید، ہلالِ کشمیر کا 77واں یومِ شہادت

تقریب میں پاک فضائیہ کے دیگر عظیم شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جن کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے جرأت، عزم اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں اور قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp