گورنر پنجاب کی لاہور کھجور فیسٹیول میں شرکت، کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی پر زور

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور میں منعقدہ کھجور فیسٹیول میں شرکت کی اور پاکستان میں کاشت ہونے والی مختلف اقسام کی کھجوروں کے اسٹالز کا دورہ کیا۔

فیسٹیول میں آمد پر کسانوں نے گورنر پنجاب کا ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں سمیت شہریوں نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں:’ووٹ عوام کی امانت ہے، اس میں خیانت قومیں مدتوں بھگتتی ہیں‘، گورنر پنجاب سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ خود زمیندار ہیں اور کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کسانوں اور کاشتکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتی ہے اور حکومت کو بھی ان کی بھرپور سرپرستی کرنی چاہیے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کھجور پیدا کرنے والا بہترین ملک ہے جہاں مختلف اقسام کی اعلیٰ معیار کی کھجوریں پیدا ہوتی ہیں۔ مقامی کھجور کی پیداوار میں حکومت کی معمولی توجہ سے بھی نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھجور عالمی معیار کی ہے، تاہم اس کی برآمدات بڑھانے کے لیے معیاری اور بہترین پیکیجنگ پر توجہ دینا ہوگی۔ کھجور کی برآمدات میں اضافے سے سرمایہ کاری اور ملکی آمدن میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دینی چاہیے۔ حکومت یا کسی اور کی طرف دیکھنے کے بجائے ملک کی بہتری کے لیے ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:کیا سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو گورنر پنجاب بنایا جارہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر کاشتکاروں کا ساتھ دینا ہوگا، کیونکہ کسان ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیتے ہیں۔ ایسے فیسٹیولز کے انعقاد سے نہ صرف کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ مقامی زرعی مصنوعات کو فروغ دینے کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp