سیکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے پر دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ قائم کرکے مسافروں کو اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے، چمن کراچی این 25 پر لوگوں کی پُرامن نقل و حرکت متاثر کرنے کے لیے چیک پوسٹ قائم کی تھی۔ دہشتگردوں کا مقصد مسافروں کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آواران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہند کے 3 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مؤثر جوابی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔














