کراچی کے سب سے بڑے سرکاری شفاخانے، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے سائبر نائف (CyberKnife) اور روبوٹک سرجری سینٹر کی راہداری میں معمول سے ہٹ کر ایک خاص اطمینان اور امید کا احساس ہوتا ہے۔
اسپتال کے کمانڈ روم میں ڈاکٹرز روبوٹک آرمز کی مدد سے انتہائی باریک بینی اور دقت کے ساتھ ٹیومر کی سرجری انجام دیتے ہیں، جس میں بڑے چیرا لگانے یا جسم کو غیر ضروری نقصان پہنچانے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔
جناح اسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی کی کامیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت سہولیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ جناح اسپتال کراچی میں روبوٹک سرجری اور سائبر نائف ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کے عام اور غریب عوام کے لیے کسی معجزے سے کم نہیں۔
یہ بھی پڑھیے کینسر کی تشخیص سے علاج تک، کراچی کے جناح اسپتال میں مصنوعی ذہانت کیسے مددگار ثابت ہورہی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے سرجن کینسر زدہ حصے تک انتہائی دقت اور باریک بینی سے پہنچ سکتے ہیں، جہاں انسانی ہاتھ سے پہنچنا یا سرجری کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کے مطابق اس روبوٹک معاونت کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ صحت مند خلیات کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور مریض سرجری کے چند ہی دن بعد اپنے قدموں پر چل کر گھر جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں روبوٹک کینسر سرجری پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں، تاہم جناح اسپتال میں یہ جدید سہولیات مریضوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی شخص صرف مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: جناح اسپتال کراچی کا کارنامہ، روبوٹک سرجری کا کامیاب آغاز
پروفیسر طارق محمود نے مزید بتایا کہ روبوٹ خود کوئی آزادانہ فیصلہ نہیں کرتا بلکہ یہ تجربہ کار سرجنز کی معاونت کرنے والا جدید اور بااعتماد طبی نظام ہے، جس کے ذریعے سرجری میں زیادہ درستگی اور باریک بینی حاصل کی جا سکتی ہے۔
جناح اسپتال کراچی میں روبوٹک ٹیکنالوجی اور سائبر نائف کے ذریعے کینسر کے علاج کی سہولت عوامی صحت کے شعبے میں جدید طبی ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک نمایاں مثال ہے، جہاں جدید علاج کی سہولیات مستحق مریضوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔












