ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں درجہ حرارت میں اضافے کے امکان کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ موسمی صورتحال، درجہ حرارت میں اضافے، دریاؤں میں بہاؤ کی صورتحال اور آئندہ دنوں میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کو موجودہ موسمی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان میں اس وقت مون سون کا کوئی فعال نظام موجود نہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں ممکنہ اثرات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے ملک کی موسمی اور ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
اجلاس میں موسمی صورتحال میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے متعلق بروقت وارننگز اور ایڈوائزریز کے اجراء کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ موسمی یا ہائیڈرولوجیکل خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاری برقرار رکھیں۔
این ڈی ایم اے نے کہاکہ این ای او سی کے ذریعے ملک کی موسمی و ہائیڈرولوجیکل صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے موسمی صورتحال کے مطابق ہدایات جاری کی جائیں گی۔














