امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے سیشن بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ برینٹ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.57 ڈالر یعنی 1.6 فیصد اضافے کے بعد 99.49 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.60 ڈالر یعنی 1.72 فیصد اضافے کے بعد 94.63 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ، 9 ستمبر کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان
رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔ امریکا کی جانب سے ایرانی ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران نے خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ سرمایہ کار خطے میں مزید کشیدگی اور عالمی سپلائی پر اس کے ممکنہ اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔












