کراچی میں الخدمت ڈائیگناسٹکس نے جدید طبی تشخیصی سہولیات کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت مریضوں کو 3D سی بی سی ٹی، او پی جی اور سیف ریڈیولوجی کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ان جدید ٹیکنالوجیز سے سر، گردن، دانتوں اور جبڑے کے مختلف مسائل کی زیادہ درست تشخیص میں مدد ملے گی۔
الخدمت ڈائیگناسٹکس کے مطابق 3D سی بی سی ٹی ٹیکنالوجی سر اور گردن کی ہڈیوں کی انتہائی واضح اور سہ جہتی تصاویر فراہم کرتی ہے۔ روایتی سی ٹی اسکین کے مقابلے میں اس میں تابکاری کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، جبکہ یہ سہولت کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الخدمت رازی اسپتال میں گردے کی پتھری کے ایک ہزار کامیاب آپریشن، اہم سنگِ میل عبور
یہ جدید ٹیکنالوجی ناک، کان اور گلے کے امراض، دانتوں کے علاج، جبڑے کی سرجری اور سانس کی اوپری نالی کے جائزے میں خاص طور پر مددگار ثابت ہوگی۔
الخدمت کے مطابق جدید سہولیات رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ متوسط اور تنخواہ دار طبقے کے خاندانوں پر مہنگے طبی ٹیسٹوں کا مالی بوجھ کم کیا جاسکے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ الخدمت ڈائیگناسٹکس کو طبی تعلیم اور تربیت کے مرکز کے طور پر بھی وسعت دی جا رہی ہے، جہاں نوجوان ڈاکٹرز، ریڈیولوجسٹس اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے عملی تجربہ حاصل کرسکیں گے۔

3D سی بی سی ٹی کے ذریعے کان کی ہڈی، ناک کے اطراف موجود سائنوسز، جبڑے کے جوڑ اور دانتوں و چہرے کی پیچیدہ ہڈیوں کا زیادہ باریک جائزہ لینا ممکن ہوگا۔
الخدمت ڈائیگناسٹکس کا کہنا ہے کہ ادارے کا مقصد کراچی کے شہریوں کو جدید طبی ٹیکنالوجی معیاری اور کم لاگت پر فراہم کرنا ہے۔














