امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش کے جواب میں امریکا ایرانی تیل کے مزید ٹینکرز کو نشانہ بنائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مارکو روبیو نے کولمبیا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران مسلسل امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے جواب میں ایران کو اپنے تیل کے ٹینکرز سے محروم ہونا پڑے گا۔
روبیو نے کہا کہ ایران کی جانب سے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کرنے یا اس کی کوشش کرنے پر امریکا ہر بار کارروائی کرے گا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ امریکا اسی روز بھی ایرانی ٹینکرز کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کھولنے پر پیشرفت ہوئی ہے، مارکو روبیو
رپورٹ کے مطابق امریکی فورسز نے منگل کو خطے میں 5 ایرانی تیل بردار ٹینکرز کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب خلیج میں ایران کی جانب سے امریکی فوجی تنصیبات پر تازہ میزائل حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز اضافہ ہوا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.57 ڈالر یعنی 1.6 فیصد اضافے کے بعد 99.49 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.60 ڈالر اضافے کے بعد 94.63 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 25 فیصد بڑھ چکی ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کارروائیوں اور جنگ کے خاتمے کی امیدیں کم ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔













