انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کے ڈیبیو کا امکان

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 3 کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ڈیبیو کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے، جن میں وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری، آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا اور فاسٹ بولر رضا اللہ شامل ہیں۔

برمنگھم میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے 23 سالہ کراچی کے غازی غوری کی پلیئنگ الیون میں شمولیت یقینی قرار دی جا رہی ہے۔ انہیں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم وہ ابھی تک کسی ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع حاصل نہیں کرسکے۔

29 سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ٹیسٹ ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے 58 فرسٹ کلاس میچز میں 2 ہزار 255 رنز بنائے ہیں، جن میں 2 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ درمیانی رفتار کی بولنگ سے 110 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں، یہ کہنا بے عزتی ہے : جو روٹ

اگر پاکستان 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتا ہے تو 21 سالہ مردان کے رضا اللہ کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 2025 میں پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 8 میچز میں 30 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

دوسری جانب اگر پاکستان نے صرف ایک اسپیشلسٹ اسپنر کو ٹیم میں شامل کیا تو 21 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر ارافت منہاس بھی مضبوط امیدوار ہیں۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی 0-2 کے خسارے کا سامنا ہے۔ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے ممکنہ 12 کھلاڑیوں میں صائم ایوب، ایزان اویس، عبداللہ شفیق، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، سعود شکیل، غازی غوری، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران رندھاوا، ارافت منہاس اور رضا اللہ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp