پاکستان کا کینیڈا، فرانس، برطانیہ سمیت 13 ممالک کے 2 ریاستی حل کی حمایت کا خیرمقدم

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے کینیڈا، فرانس، برطانیہ سمیت 13 ممالک کی جانب سے فلسطین کے مسئلے کے 2 ریاستی حل کی حمایت کے اعادے کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات 2 ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں کے تشدد سے صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے۔

پاکستان نے کہا کہ فلسطینی سرزمین کے انضمام یا قبضے کے مترادف اقدامات اور فلسطینی آبادی کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی جائے گی۔ اسرائیل کو غیر قانونی بستیوں کی توسیع فوری طور پر روکنے اور آبادکاروں کے تشدد کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:12 ممالک کا اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بستیوں کی توسیع روکنے کا مطالبہ

پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف مبینہ سنگین جرائم کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 2 ریاستی حل کا بھرپور حامی ہے۔ اس حل کے تحت 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور القدس شریف کو اس کا دارالحکومت قرار دیا جانا چاہیے۔

پاکستان کے مطابق مستقل جنگ کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے 2 ریاستی حل ہی قابلِ عمل راستہ ہے، جبکہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی آبادکاری اور اس کے ساتھ جاری تشدد کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp